ورلڈ کپ کے 21 ویں میچ میں میزبان بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتدائی جھٹکوں کے بعد سنبھل گئی اور تیسری وکٹ کے لیے 155 رنز کی نا قابل شکست شراکت بنا لی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت میں جاری کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا 21 واں مقابلہ آج دھرم شالہ میں میزبان انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے میچ کیویز نے بھارت کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کی تاہم 19 کے مجموعے پر دونوں اوپنر پویلین لوٹ گئے۔
محمد سراج نے ڈیون کانوے کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین بھیجا تو محمد شامی نے دوسرے اوپنر ول ینگ کی وکٹیں اڑا دیں تاہم اس کے بعد آنے والے بیٹرز نے رچن رویندرا اور ڈیرل مچل نے محتاط بیٹنگ کے بعد بھارتی بولرز کو نشانے پر رکھ لیا اور دونوں بیٹرز نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے نا قابل شکست 155 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر لی ہے۔
نیوزی لینڈ نے 33 اوورز کے اختتام پر رنز 174 بنا لیے ہیں۔ رچن رویندرا 79 اور ڈیرل مچل نے 75 رنز بنا رکھے ہیں۔
اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ کل ٹریننگ سے اندازہ ہوا کہ رات میں اوس پڑے گی۔ ہمیں جیت کا تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہے لیکن ہر دن نیا ہوتا ہے اور جیت کے لیے اچھا کھیلنا پڑتا ہے۔
کیوی کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے فیلڈنگ ہی کرتے۔
آج کے میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور گزشتہ میچ میں ان فٹ ہونے والے ہاردک پانڈیا کی جگہ محمد شامی جب کہ شردل ٹھاکر کو ڈراپ کر کے سوریا کمار یادیو کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
بھارت:
روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہو، سوریا کمار یادیو، رویندرا جڈیجہ، جسپرت بمراہ، کلدیپ یادیو، محمد شامی، محمد سراج۔
نیوزی لینڈ:
ٹام لیتھم (کپتان)، ڈیون کانوے، ول ینگ، رچن رویندرا، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چمپن، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ۔
واضح رہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیموں نے رواں رولڈ کپ میں اب تک چار چار میچز کھیل رکھے ہیں تمام میں فتوحات سمیٹی ہیں لیکن آج کسی ایک کا نا قابل شکست رہنے کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔
گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ نیوزی لینڈ اب تک دفاعی چیمپئن انگلینڈ، نیدر لینڈ، بنگلہ دیش اور افغانستان کو ہرا چکی ہے جب کہ دو بار کی عالمی چیمپئن میزبان بھارت نے روایتی آسٹریلیا، پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان کو شکست سے دوچار کیا ہے۔
بات کی جائے اب تک ون ڈے میں دونوں ٹیموں کے باہمی مقا بلوں کی تو بھارت کا پلڑا بھاری ہے کیونکہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھلے گئے 116 میچوں میں سے 58 جیت رکھے ہیں جب کہ 50 میں کیویز کامیاب رہے۔
تاہم ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو بھارت پر سبقت حاصل ہے۔ اب تک ہونے والے میگا ایونٹس میں دونوں ٹیمیں 8 بار میدان میں مدمقابل آئی ہیں کیویز نے 5 میچ جیتے جب کہ انڈیا کو 3 میں فتح ملی۔
بھارتی سر زمین پر 1987 کے دونوں ٹیمیں پہلی بار ورلڈ کپ میں مد مقابل آئیں گی۔