ورلڈ کپ کی نا قابل شکست ٹیموں میں کس کی ہوگی ہار؟ آج پتہ چل جائے گا

ورلڈ کپ 2023 میں آج دھرم شالہ میں رواں میگا ایونٹ کی تاحال نا قابل شکست ٹیموں میزبان بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹکر کا مقابلہ ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت میں جاری کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا 21 واں مقابلہ آج دھرم شالہ میں میزبان انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔ دونوں ٹیمیں رواں میگا ایونٹ میں تاحال ناقابل شکست ہیں اس لیے آج ٹکر کا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔

بھارت اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیموں نے رواں رولڈ کپ میں اب تک چار چار میچز کھیل رکھے ہیں تمام میں فتوحات سمیٹی ہیں لیکن آج کسی ایک کا نا قابل شکست رہنے کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔

گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ نیوزی لینڈ اب تک دفاعی چیمپئن انگلینڈ، نیدر لینڈ، بنگلہ دیش اور افغانستان کو ہرا چکی ہے جب کہ دو بار کی عالمی چیمپئن میزبان بھارت نے روایتی آسٹریلیا، پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان کو شکست سے دوچار کیا ہے۔

بات کی جائے اب تک ون ڈے میں دونوں ٹیموں کے باہمی مقا بلوں کی تو بھارت کا پلڑا بھاری ہے کیونکہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھلے گئے 116 میچوں میں سے 58 جیت رکھے ہیں جب کہ 50 میں کیویز کامیاب رہے۔

تاہم ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو بھارت پر سبقت حاصل ہے۔ اب تک ہونے والے میگا ایونٹس میں دونوں ٹیمیں 8 بار میدان میں مدمقابل آئی ہیں کیویز نے 5 میچ جیتے جب کہ انڈیا کو 3 میں فتح ملی۔

بھارتی سر زمین پر 1987 کے دونوں ٹیمیں پہلی بار ورلڈ کپ میں مد مقابل آئیں گی۔