ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر ای این بشپ نے موجودہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں اپنے پسندیدہ بولر کا نام بتاتے ہوئے پاور پلے میں ان کی بولنگ کی تعریف کی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ای این بشپ کی ایک کلپ شیئر کی گئی ہے جس میں وہ بھارتی روایتی لباس میں نظر آرہے ہیں جبکہ انھوں نے اپنے پسندیدہ بولر کا نام بھی بتایا ہے۔
انھوں نے کہا کہ کرکٹ کے جس شعبے سے میں پلیئر کو پسند کروں گا وہ میرا بھی شعبہ تھا یعنی فاسٹ بولنگ اور میرے پسندیدہ کھلاڑی نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہینری ہیں۔
سابق ویسٹ انڈین کرکٹر ای این بشپ کا کہنا تھا کہ وہ پاور پلے میں جس طرح بولنگ کرتے ہیں وہ کافی متاثر کن ہے، وہ بہت کنٹرولڈ بولنگ کرتے ہیں۔
میٹ ہینری کا کہنا تھا کہ وہ اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں جب کہ ان کی ٹیم نے بھی ٹورنامنٹ میں کافی اچھا آغاز کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم کھلے ذہن کے ساتھ کھیل اور اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیل رہے ہیں اور بشپ کی طرف سے تعریفی کلمات کافی اہمیت کے حامل ہیں۔