ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جانا ہے یا نہیں؟ پی سی بی نے حکومت کو خط لکھ دیا

رواں سال بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان شرکت کرے گا یا نہیں پی سی بی نے حکومت کو خط لکھ کر رہنمائی مانگ لی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی پہلے ہی آئی سی سی کو باور کرا چکا ہے کہ پاکستان کی بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت حکومتی اجازت سے مشروط ہوگی اور اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے باضابطہ طور پر حکومت کو خط لکھ کر اس معاملے پر رہنمائی مانگ لی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے توسط سے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھا ہے۔ اس خط کے ساتھ پاکستان کے تمام میچز کے وینیوز کی فہرست بھی بھیجی ہے اور ہدایت طلب کی ہے کہ کس وینیو پر کھیلنا ہے۔

پی سی بی کے خط میں مزید کہا گیا کہ روانگی کے فیصلے سے قبل اگر وفد بھارت بھیجنا ہے تو اس کا بھی فیصلہ کیا جائے ساتھ ہی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا ہے کہ 2016 میں بھی ٹیم کی بھارت روانگی سے قبل ایک وفد نئی دہلی گیا تھا، وفد بھیجنے سے متعلق پی سی بی معاونت کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے سخت تحفظات کے باوجود ٹورنامنٹ کا ہائی وولٹیج میچ پاک بھارت ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈول کیا گیا ہے۔

پی سی بی پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ ناک آؤٹ مرحلے کے علاوہ پاکستان کوئی بھی میچ احمد آباد میں نہیں کھیلا جائے گا۔