آج مقابلہ مضبوط ٹیم سے، کیا بھارت نا قابل شکست رہ پائے گا؟

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں آج میگا ایونٹ کی نا قابل شکست ٹیم میزبان بھارت کا مضبوط ترین حریف کا مقابلہ ہوگا پروٹیز کو جیت سیمی فائنل میں پہنچا دے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے رابن راؤنڈ مقابلے اختتام کی جانب گامزن ہیں آج 37 ویں میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈن پارک میں میگا ایونٹ کی اب تک کی نا قابل شکست ٹیم میزبان بھارت اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ ہوگا۔ ٹیم انڈیا پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے جب کہ پروٹیز کو آج کی فتح فائنل فور کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر بھی ٹاپ پوزیشن پر پہنچا دے گی۔

ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں جنوبی افریقہ کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 90 ایک روزہ میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 50 میں پروٹیز نے میدان مارا جب کہ بھارت کے ہاتھ 37 جیت آئی۔

ورلڈ کپ کے میچز میں بھی جنوبی افریقہ بھارت پر حاوی ہے جس نے باہمی 5 میچز میں سے 3 جیت رکھے ہیں جب کہ بھارت نے دو میں کامیابی حاصل کی ہے۔

میگا ایونٹ میں بھارت اب تک نا قابل شکست ہے جس نے 7 میچ کھیلے اور تمام میں فتح آسانی سے حاصل کی دوسری جانب جنوبی افریقہ بھی کچھ کم نہیں جس نے 7 میں سے 6 میں میدان مارا ہوا ہے۔ آج کے میچ میں دونوں ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست آنے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گی۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا۔ ورلڈ کپ کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔