ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کیلیے اگلے میچ سے قبل ایک اور بری خبر

ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے ریگولر کپتان کین ولیمسن انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف میچ نہ کھیل سکے اب وہ کل (پیر) کو دوسرے میچ سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔

آئی سی سی ورلڈ کپ میں گزشتہ میگا ایونٹ کی رنر اپ ٹیم نیوزی لینڈ اپنے زخمی ریگولر کپتان کین ولیمسن کے ساتھ آئی ہے۔ یہ کیوی بورڈ کا ان پر اعتماد ہی ہے کہ انہیں حتمی 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ قیادت کے لیے بھی برقرار رکھا جب کہ وکٹ کیپر ٹام لیتھم ان کے نائب ہیں۔

ورلڈ کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں ولیمسن کے نہ کھیلنے پر ٹام لیتھم نے قیادت کی اور ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔

پہلے یہ خبر تھی کہ ریگولر کپتان اگلا میچ جو پیر (کل) نیدر لینڈ کے خلاف حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اس کے لیے بھی کین ولیمسن فٹ نہیں ہوسکے ہیں اور میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

ایک غیر ملکی اسپورٹس میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کین ولیمسن کل کا میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

نیوزی لینڈ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری سٹیڈ نے کین ولیمسن کی حیدرآباد میں ہالینڈ کے خلاف آئندہ میچ کے لیے دستیابی کے بارے میں ایک اپ ڈیٹ فراہم کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ریگولر کپتان صحت یابی پا رہے ہیں تاہم ابھی لگتا ہے کہ فیلڈنگ میں انہیں مزید اعتماد حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ولیمسن نیدرلینڈز کے خلاف دوسرے میچ میں نہیں کھیلیں گے لیکن یقین ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف اپنے تیسرے میچ کے لیے میدان میں ہوں گے جو چنئی میں 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ ولیمسن رواں سال آئی پی ایل 2023 کے دوران ایک عجیب و غریب چوٹ کا شکار ہوئے اور تقریباً نصف سال تک کھیل سے باہر رہے۔ تاہم اب وہ 2023 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں واپس آ گئے ہیں، لیکن ٹیم انتظامیہ ان کے لیے بہت سے محتاط ہے اور ان کی فٹنس پر کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہے۔