ورلڈ کپ کا آفیشل ترانہ ریلیز، جوش بڑھاتی ویڈیو دیکھیں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہونے والے ایک روزہ عالمی کپ کا ترانہ اپنے ٹوئٹر آفیشل ویب سائٹ پر جاری کر دیا ہے۔

کرکٹ کے سب سے بڑے میلے کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہو رہا ہے جیسے جیسے اس میگا ایونٹ کے انعقاد کے دن قریب آ رہے ہیں شائقین کرکٹ کا جوش وخروش بڑھتا جا رہا ہے۔ اب آئی سی سی نے بھی ورلڈ کپ کا آفیشل ترانہ اپنی ایکس ویب سائٹ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کر دیا ہے، جس کا نام ’دل جشن جشن بولے‘‘ رکھا گیا ہے۔

 

جوش وجذبے سے بھرپور اس ترانے میں ورلڈ کپ کے سفر کی علامت کو ٹرین کے طور پر دکھایا گیا ہے جس کو ون ڈے ایکسپریس کا نام دیا گیا ہے. 3 منٹ 21 سیکنڈ پر مبنی اس گیت میں شائقین کرکٹ کے جوش کے ساتھ ایونٹ میں شریک تمام ممالک کے جھنڈے اور ان کی شرٹس پہنے لوگوں کو بیٹنگ اور بولنگ ایکشن میں دکھایا گیا ہے۔

اس ترانے کے آغاز میں بالی ووڈ اسٹار رنویر سنگھ دبنگ انٹری دیتے ہیں اور انہیں دیکھتے ہیں ٹرین میں بیٹھے کرکٹ پرستار انہیں میچ کے ٹکٹس دکھاتے ہیں جب کہ ایک بچہ خالی ہاتھ اور خالی نظروں سے انہیں دیکھتا ہے جس پر اداکار کہتے یہں کیوں بیٹا کیا آپ کرکٹ کے فین نہیں ہو، جس کے بعد جوش وجذبے کا طوفان شروع ہو جاتا ہے۔

اس جوش جگاتے ترانے کو شلوک لال اور سویری ورما نے لکھا اور پریتم کے میوزک نے اس میں چار چاند لگا دیے ہیں جب کہ اس میں آواز کا جادو جگانے والوں میں میوزک ڈائریکٹر پریتم کے علاوہ نقاش عزیز، سریراما، امیت مشرا اور جونیتا شامل ہیں جب کہ چرن نے اس میں ریپ کا تڑکا لگایا ہے۔