آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے آج آخری تین وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے پاکستان اور آسٹریلیا حیدرآباد میں مدمقابل ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں گرین شرٹس نے کس حکمت عملی اور فائنل الیون کے ساتھ میدان میں اترنا ہے ان تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا آج آخری موقع ہے۔ حیدرآباد دکن میں قومی ٹیم اور آسٹریلیا آج وارم اپ میچ کھیلیں گی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا وارم اپ میچ بڑے اسکور کے باوجود ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم نے اپنی خامیاں بالکل بولنگ اور اسپنرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے پریکٹس پر زیادہ توجہ مرکوز کی اور دو روز کے دوران کئی طویل پریکٹس سیشن کوچز کی زیر نگرانی کیے۔
گزشتہ روز بھی ڈھائی گھنٹے کا پریکٹس سیشن کیا جس میں قومی کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ کے بعد فیلڈنگ ڈرلز کیں جب کہ نیٹ سیشن میں بولنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس کی۔
ورلڈ کپ سے قبل ایشیا کپ میں خراب ترین پرفارمنس، نسیم شاہ کا اچانک ان فٹ ہوکر میگا ایونٹ سے باہر ہونا، فخر زمان کی مسلسل ناقص پرفارمنس اور نائب کپتان شاداب خان کی فارم قومی ٹیم کے بڑے مسائل ہیں جن کو سلجھانے کے لیے آج کا دن ہی باقی ہے۔
شاہین شاہ کے ساتھ نئی گیند کون کرے گا۔ عبداللہ شفیق اوپننگ کریں گے یا فخر زمان کو میدان میں اتارا جائے گا؟ ان سوالوں کا جواب بابر اعظم کو آج کے میچ میں تلاش کرنا ہوں گے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے وارم اپ میچ میں قومی بولرز 346 رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے تھے جب کہ نائب کپتان شاداب خان کہتے ہیں کہ بولنگ یونٹ ردھم میں آگیا تو چیمپئن بن جائیں گے۔
آج دیگر دو وارم اپ میچز میں افغانستان اور سری لنکا جب کہ بھارت اور نیدر لینڈ مدمقابل ہوں گے۔ تمام میچز دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوں گے۔