آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے بھارت جائے گا۔ حکومت سیکیورٹی وفد تشکیل دیگی،سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو شامل کیا جائےگا۔
وفد میں پی سی بی کے سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہوں گے۔ وفد بھارت میں قومی ٹیم کے سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لے گا۔ وفدکی رپورٹ کی روشنی میں ہی ٹیم کو بھارت بھجوانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل 2016 میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل بھی پاکستان کا سیکیورٹی وفد بھارت گیا تھا۔ تمام اہم ٹورز سے قبل سیکیورٹی وفد بھجوانا کسی بھی ملک کی صوابدید ہوتا ہے۔
حکومت نے قومی ٹیم کی سیکیورٹی کا معاملہ آئی سی سی کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی بھارت میں سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سیکیورٹی گارنٹی ملنے پرقومی کرکٹ ٹیم بھارت جائے گی اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ معاملے کو آئی سی سی کے ساتھ اٹھائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ذکا اشرف حکومت کے تحفظات سے آئی سی سی کو آگاہ کریں گے۔