ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ: پاکستان کے اسجد اقبال فائنل ہار گئے

ورلڈ سکس ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کیوئسٹ اسجد اقبال اپنی کامیابی کا تسلسل برقرار نہ رکھ سکے اور بھارتی حریف سے ہار گئے۔

منگولیا میں کھیلی گئی ورلڈ سکس ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے اسجد اقبال کا مقابلہ روایتی حریف بھارت کے کمل چاؤلہ سے ہوا اور وہ ٹورنامنٹ میں اپنی کامیابی کا تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔

اسجد اقبال نے فائنل کے آغاز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ابتدائی دو سیٹ جیتنے میں کامیاب رہے تاہم پھر کمل چاوٗلہ نے کم بیک کرتے ہوئے لگاتار چھ سیٹ اپنے نام کر کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

پاکستانی کیوئسٹ دوسری پوزیشن حاصل کر کے چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

واضح رہے کہ قومی کیوئسٹ نے گزشتہ روز سیمی فائنل میں بھارتی حریف ملکیت سنگھ کو 6-0 سے شکست دی تھی۔