ورلڈ کپ میں پاکستان افغانستان سے اپ سیٹ شکست کے بعد بڑی مشکل میں پھنس چکا ہے اس غیر متوقع ہار پر کپتان بابر اعظم ہوٹل میں رو پڑے۔
بھارت میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان افغانستان جیسی کمزور ٹیم سے 8 وکٹوں سے شرمناک انداز میں ہار گیا۔ یہ میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کی مسلسل تیسری شکست تھی جس کے ساتھ ہی اس کے ورلڈ کپ کے فائنل فور میں پہنچنے کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں اور حسب روایت گرین شرٹس کے لیے اگر مگر کی صورتحال پھر پیدا ہو گئی ہے۔
ایک مقامی نجی ٹی وی کے اسپورٹس شو میں سابق قومی کپتان محمد یوسف کی افغانستان میچ کے بعد صورتحال کی گفتگو پوسٹ کی گئی ہے جس میں محمد یوسف کہتے ہیں کہ اس شکست کے بعد بابر اعظم کی کانفرنس دیکھی وہ بہت پریشان لگ رہا تھا سنا ہے وہ رویا بھی ہے لیکن ہم سب بابر کے ساتھ ہیں۔
آگے محمد یوسف نے مزید کہا کہ کرکٹ ٹیم گیم ہے کسی ایک کی وجہ سے ہار یا جیت نہیں ہوتی۔ اس ہار کے ذمے داری پوری ٹیم، منیجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف پر بھی عائد ہوتی ہے۔
‘I heard Babar Azam cried after the defeat against Afghanistan last night. It’s not only Babar’s fault, the entire team and management is involved. We are with Babar Azam in this tough time and the entire nation is with him’ – Mohammad Yousuf #CWC23 #PAKvsAFG pic.twitter.com/UzNCzDVfxy
— Farid Khan (@_FaridKhan) October 24, 2023
قومی ٹیم کے کھلاڑی گراؤنڈ میں بھی افغانستان کے خلاف شکست کے بعد پریشان اور مایوس کن حالت میں نظر آئے تھے۔
واضح رہے کہ افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان ٹیم کے سیمی فائنل کھیلنے کی امیدیں ایک بار پھر اگر مگر کا شکار ہوچکی ہیں۔ اگر پاکستان نے فائنل فور میں جانا ہے تو اسے نہ صرف اپنے بقیہ چاروں میچز بڑے مارجن سے جیتنے ہوں گے بلکہ دیگر ٹیموں میں سے کسی کی فتح اور کسی کی شکست کی دعائیں کرنا ہوں گی۔