یوگی حکومت کا محمد شامی کے لئے بڑے تحفے کا اعلان

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں ٹیم انڈیا کو مسلسل کامیابیوں سے ہمکنار کرانے والے محمد شامی کو یوگی حکومت نے بڑا تحفہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یوگی حکومت نے ٹیم انڈیا کے فاسٹ بولر محمد شامی کے گاؤں امروہہ میں ایک اسٹیڈیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے لیے ضلع انتظامیہ نے ایک تجویز تیار کر کے حکومت کو بھیج دی ہے۔

اپنی غیر معمولی بالنگ کے باعث بھارت کو کئی میچوں میں فتح دلانے پر یوگی حکومت نے محمد شامی کے گاؤں امروہہ علی نگر میں اسٹیڈیم بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ڈی ایم راجیش تیاگی کی ہدایت پر چیف ڈیولپمنٹ آفیسر امروہہ اپنی ٹیم کے ہمراہ جمعہ کو شامی کے گاؤں پہنچے اور اسٹیڈیم کے لئے زمین کی تلاش کا عمل شروع کردیا۔

ڈی ایم راجیش تیاگی کا کہنا تھا کہ محمد شامی کے گاؤں میں تیار کئے جانے والے اسٹیڈیم کے لئے ایک ہیکٹر زمین کی ضرورت ہے، چیف ڈیولپمنٹ آفیسر اپنی ٹیم کے ہمراہ زمین دیکھنے گئے تھے، انہوں نے اسٹیڈیم کی تجویز تیار کرکے حکومت کو بھیج دی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہرا کر ورلڈ کپ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے،7 وکٹیں لینے والے محمد شامی کی کارکردگی پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی ان کے گرویدہ ہو گئے۔

پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل کا دروازہ کھول لیا۔ اس فتح میں جہاں بھارتی بیٹرز کی شاندار کارکردگی نمایاں رہی وہیں پیسر محمد شامی نے 7 کیوی بلے بازوں کو گھر بھیج کر جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
ان کی اس کارکردگی پر پورے بھارت میں ان کی واہ واہ ہو رہی ہے اور اس مدح سرائی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شریک ہیں جنہوں نے محمد شامی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مودی نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں سیمی فائنل کی جیت کو کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کے سبب خاص قرار دیا اور محمد شامی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ اس میچ میں اور پورے ورلڈ کپ میں محمد شامی کی بولنگ کو کرکٹ سے پیار کرنے والوں کی آنے والی نسلیں بھی سراہیں گی۔