اسلام آباد: پمز اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز کا واجبات کی عدم ادائیگی پر احتجاج کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پمز اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے واجبات کی عدم ادائیگی پر کل احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ ایم اوز کی تنخواہوں میں اضافہ،واجبات ادا کیے جائیں۔
دوسری جانب پمز اسپتال انتظامیہ نے ملازمین کو احتجاج نہ کرنے سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین غیر قانونی احتجاج، جلسے ترک کریں۔
انتظامیہ کے مطابق چند شرپسند عناصر اسپتال کی بدنامی وتباہی کا باعث بن رہے ہیں،بعض شرپسند عناصر مقدس پیشے کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ ادارے کی ساکھ بحالی میں رکاوٹ بننے والے عناصرکو بے نقاب کیا جائے گا،احتجاجی ملازمین کا نامناسب رویہ کسی طور قابل قبول نہیں ہے۔
یاد رہے کہ تین روز قبل پمز اسپتال انتظامیہ نے ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے بعد ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا۔اسپتال انتظامیہ نے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز اور ہاؤس آفیسر کے مطالبات پر 6 ماہ بعد عملدرآمد کیا تھا۔