سندھ بھرمیں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری

Young doctors

کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر کے اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال آج چوتھے روز بھی جاری ہے جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں میں مطالبات کی منظوری کے لیے ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری ہے صوبے کے تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند ہیں۔

ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث اسپتال میں داخل مریضوں اور آنے والے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، علاج ومعالجے کی سہولیات میسر نہ ہونے کے سسب مریض نجی اسپتالوں میں جانے پرمجبور ہیں۔

ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دوسرے صوبوں کے برابر تنخواہ اور مراعات ملنے تک او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند رہیں گے۔

وائے ڈی اے کے صدر ڈاکٹرعمرسلطان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی لیکن کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا لہذا جب تک نوٹفکیشن جاری نہیں ہوگا بائیکاٹ جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے شہر دادو میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کے دوران مریضہ دم توڑ گئی تھی۔ ورثا کے احتجاج پر ڈاکٹر نے عملے کے ساتھ مل کر تشدد کیا تھا۔

مریضہ وزیراں میمن کے لواحقین نےالزام لگایا تھا کہ چار گھنٹے تک ماں تڑپتی رہی مگر ڈاکٹروں نے علاج نہ کیا۔