جے شاہ اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کریں، یونس خان کا دبنگ بیان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے جے شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کریں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ریکارڈ ساز بلے باز یونس خان ے کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کے بلامقابلہ آئی سی سی چیئرمین نامزد ہونے پر کہا ہے کہ اس کا فائدہ کرکٹ کو ہونا چاہے اور جے شاہ اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارتی ٹیم کی پاکستان آمد کو یقینی بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل کے چیئرمین آئی سی سی پرخلوص کوششیں کریں تو روایتی حریفوں کے درمیان دو طرفہ کرکٹ بھی بحال ہو سکتی ہے۔

یونس خان نے بنگلہ دیش سے پاکستانی شکست پر کہا ہے کہ کھلاڑی اپنی ذات سے باہر نکل کر ملک کے لیے کھیلیں۔ ہوم گراؤنڈ کا دباؤ ہمیشہ ہی ہوتا ہے، کھلاڑی دباؤ برداشت نہیں کرسکتے تو پھر اُن کا کیا فائدہ ہے، ہمارے کھلاڑی گرتے ہیں تو گرتے ہی چلے جاتے ہیں، کھلاڑیوں کو اپنے مورال کو بلند کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس وقت کامیابیاں حاصل کیں جب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہوتی تھی۔ اس دوران ہم نے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا اور ٹیسٹ چیمپیئن بنے۔

سابق کپتان نے کہا کہ ہمارے پاس اسٹار کھلاڑی اور ڈومیسٹک میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، مجھے نہیں معلوم چیئرمین پی سی بی نے ڈومیسٹک میں ٹیلنٹ نہ ہونے کی بات کیوں کی۔ کلب کرکٹ ہی اسٹرکچر کو مضبوط کرتا ہے۔ 10 سال کے دوران ڈومیسٹک اسٹرکچر میں تبدیلی ہماری تباہی کی ذمہ دار ہے۔