زلزلہ آنے سے چند سیکنڈ پہلے آپ کا فون آپ کو کیسے خبردار کر سکتا ہے؟ طریقہ کار سامنے آگیا۔
زلزلے ایک قدرتی آفت ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ زلزلوں نے کئی مرتبہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی، ہزاروں جانیں لیں اور ملکوں کو معاشی بحران میں دھکیل دیا۔ ان جھٹکوں سے نہ صرف عمارتیں زمیں بوس ہو جاتی ہیں بلکہ بنیادی ڈھانچہ، جیسے مواصلاتی نظام، بجلی کی ترسیل، اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورک بھی شدید متاثر ہوتا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی نے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کو نہ صرف رابطے کا ذریعہ بنایا ہے بلکہ اب یہ حقیقی وقت میں زلزلے کا پتہ لگانے والے حساس آلے کا کردار بھی ادا کر رہے ہیں
اینڈرائیڈ فون کیسے مددگار ثابت ہو رہے ہیں؟
زلزلے کی تباہ کاریوں سے بچاؤ کے لیے جدید تحقیق اور سسٹمز کے ذریعے اینڈرائیڈ فونز میں ایسے سینسرز (accelerometers) نصب کیے گئے ہیں جو زمین کی حرکت کو ابتدائی سطح پر محسوس کر لیتے ہیں، وہ بھی اس وقت جب انسانوں کو کچھ بھی محسوس نہیں ہو رہا ہوتا۔
زلزلہ وارننگ سسٹم کیسے کام کرتا ہے؟
زلزلے کے ابتدائی جھٹکے جنہیں "پری شیک ویوز” کہا جاتا ہے، سب سے پہلے ریئل ٹائم میں قریبی سیسمک اسٹیشنز یا آپ کے فون کے سینسرز کے ذریعے شناخت کیے جاتے ہیں۔ یہ سگنل گوگل کے سسٹم تک پہنچتے ہیں، جو فوراً قریبی علاقے کے دیگر فونز کو الرٹ جاری کرتا ہے۔
ایک سائنسی تحقیق کے مطابق، اینڈرائیڈ بیسڈ زلزلہ الرٹ سسٹم نے 2021 سے 2024 کے درمیان دنیا بھر میں 11,000 سے زائد اصلی زلزلوں کا کامیابی سے پتہ لگایا اور بروقت خبردار کیا۔
ایک یا دو سیکنڈ کی وارننگ زندگی بچا سکتی ہے
یہ الرٹس اکثر زلزلے سے 15 سے 60 سیکنڈ پہلے موصول ہوتے ہیں، اگرچہ یہ وقت بہت کم لگتا ہے، لیکن اتنا ضرور ہوتا ہے کہ آپ کھڑکیوں سے دور ہو جائیں، کسی میز کے نیچے پناہ لے لیں یا سیڑھیاں چڑھنے سے گریز کریں۔
اینڈرائیڈ فونز میں زلزلہ الرٹس کیسے آن کریں؟
اپنے اینڈرائیڈ فون میں زلزلہ الرٹس آن کرنے کے لیے درج ذیل مراحل پر عمل کریں:
Settings کھولیں۔
Safety & Emergency پر ٹیپ کریں۔
Earthquake Alerts منتخب کریں اور اسے آن کر لیں
Test Alert پر ٹیپ کر کے الرٹ کی آواز چیک کریں۔
حالانکہ آئی فونز میں بھی accelerometers موجود ہیں، لیکن Apple فی الحال انہیں زلزلہ الرٹس کے لیے استعمال نہیں کر رہا۔ تاہم، آئی فون صارفین دوسرے ایپس کے ذریعے زلزلے سے متعلق حفاظتی اقدامات لے سکتے ہیں۔
گوگل کے اس اقدام سے 98 ممالک میں 2.5 ارب سے زائد افراد کو اس نظام سے فائدہ پہنچ رہا ہے، اور یہ روز بروز مزید بہتر ہو رہا ہے۔
اینڈرائیڈ فونز کی بدولت اب آپ کے پاس ایسا ذریعہ موجود ہے جو خطرہ آنے سے پہلے آپ کو خبردار کر سکتا ہے۔