لاہور: سفاری پارک میں‌ 4 شیروں کا حملہ، نوجوان ہلاک

لاہور : سفاری پارک لاہور میں شیروں نے حملہ کرکے نوجوان کو ہلاک کردیا، بلال نامی نوجوان نے گھاس کاٹنے کی غرض سے شیروں کے پنجرے کو عبور کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق نوجوان کی موت کا یہ درد ناک واقعہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اس وقت پیش آیا، جب ایک 17 سالہ نوجوان بلال گھاس کاٹنے کےلیے شیروں کے پنجرے کی جانب گیا تھا۔

ہولناک حادثہ رونما ہونے کے بعد انتظامیہ نے شیروں کے پنجرے کو بند کردیا گیا ہے۔


نوجوان کی دردناک موت کے بعد سفاری پارک انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ شیروں کے حملے میں ہلاک ہونے والے بلال نامی نوجوان کے اہل خانہ احتجاج کی غرض سے سفاری پارک پہنچ گئے۔

لواحقین نے سفاری پارک کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور دفتر کے شیشے بھی توڑ دئیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے بھی سفاری پارک پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سفاری پارک میں شیروں کے حملے میں نوجوان کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کمشنر لاہور اور سیکریٹری وائلڈ لائف سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے جاں بحق نوجوان بلال کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم بھی صادر کیا۔

عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے 24 گھنٹے میں رپورٹ دی جائے۔