ملزم نے یوٹیوب سے نقلی نوٹ بنانے کا طریقہ سیکھ کر لوگوں کو کیسے بے وقوف بنایا؟

بھارت میں یوٹیوب سے سیکھ کر نقلی کرنسی نوٹ چھاپنے والا گرفتار

بھارت میں پولیس نے نقلی کرنسی نوٹ چھاپ کر انہیں بازار میں استعمال کر کے لوگوں کو بے وقوف بنانے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس نے خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا جس کے قبضے سے نقلی کرنسی نوٹ برآمد ہوئے۔

ممبئی پولیس کے مطابق ملزم نویں فیل ہے اور اس نے نقلی نوٹوں سے کئی لوگوں کو بے وقوف بتایا۔ پولیس کے مطابق جب ملزم کو گرفتار کیا تو اس نے اعتراف جرم کیا۔

نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ اس نے یوٹیوب ویڈیوز سے سیکھ کر نقلی کرنسی نوٹ تیار کیے اور پھر انہیں چھاپ کر مارکیٹ میں استعمال کیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کے پاس سے تقریباً دو لاکھ روپے کے جعلی کرنسی نوٹ برآمد ہوئے جو وہ استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

ملزم سے تفتیش کے بعد پولیس نے ایک اور کارروائی کرتے ہوئے اس کے ساتھی کو گرفتار کیا جبکہ تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔

نوجوان نے ایک سو، دو سو اور پانچ سو روپے کے جعلی نوٹ تیار کیے تھے۔