کراچی: سابق کرکٹر یونس خان نے کہا ہے کہ بابر اور رضوان اوپنر نہیں مڈل آڈرز کے بیٹرز ہیں انہیں اپنی اوپنر پوزیشن چھوڑ دینی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر اے آر وائی پینل میں موجود کرکٹر اور سابق کرکٹرز نے تبصرہ کیا، گفتگو میں یونس خان نے کہا کہ پاکستان کو بیٹنگ آڈر تبدیل کرنا ہوگا۔
یونس خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے پہلے ہم نے وہی بیٹر کھلائے جو تھے، ہم نے نئے بیٹر کا تجربہ نہیں کیا جس کا نتیجہ اب ٹیم کی ہار کی صورت میں نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا سوال ہے کیا اب اوپنر ٹیم کے لیے اپنی پوزیشن کی قربانی دے سکتے ہیں کیا نمبر چار اور پانچ کے کھلاڑی جو کھیلتے ہیں انہیں اوپر آنے دیں گے۔
یونس خان کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ ٹیم کے لیے ان سب چیزوں کی قربانی نہیں دیتے اور صرف اپنے لیے ہی میچ کھیلتے ہیں تو اس طرح کے ہی نتائج ملیں گے۔
اس کے علاوہ کرکٹر کامران اکمل نے کہا کہ جب ٹیم کی پرفارمنس نہ ہو تو ٹیم کو ایسے نتائج کے بعد اپنی انا ختم کردینی چاہیے، ہماری ٹیم کی سلیکشن ہی صحیح نہیں ہے۔