یوراج سنگھ نئی مشکل میں، مقدمہ درج

بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ نسل پرستانہ الفاظ استعمال کرنے پر مشکل میں پڑ گئے، کرکٹر کے خلاف مقدمہ درج ‏کر لیا گیا۔

گزشہ سال 4 جون کو سابق آل راؤنڈر یووراج سنگھ نے روہت شرما کے ساتھ انسٹاگرام چیٹ کے دوران یوزویندر ‏چاہل اور کلدیپ یادیو کو بھنگی کہا تھا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر روہت شرما نے جب یووراج سنگھ کو بتایا کہ لاک ڈاؤن میں چاہل اور کلدیپ نے رقص ‏کیا تو یووراج بولے دونوں بھنگی ہیں۔

یووراج سنگھ کے ساتھ روہت شرما بھی دونوں کھلاڑیوں کا مذاق اڑانے میں پیش پیش رہے اور انہوں نے بھی ‏کلدیپ اور چاہل کو آڑے ہاتھوں لیا۔

یووراج سنگھ کے الفاظ پر دلت انسانی حقوق کے وکیل رجت کلسن نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے انہیں گرفتار ‏کرنے کا مطالبہ کیا۔

یووراج سنگھ نے کھلاڑیوں کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر معافی مانگ لی تاہم رجت کلسن نے ‏عدالت سے رجوع کیا اور اندراج مقدمہ کی درخواست دی۔

ہریانہ کی عدالت نے کرکٹر کے خلاف اندراج مقدمہ کا حکم دیتے ہوئے پولیس افسران کو تعمیلی رپورٹ جمع ‏کروانے کی ہدایت کی۔