یوراج سنگھ کی نظر میں کونسا پاکستانی پیسر بھارت کے لیے خطرناک ثابت ہوگا؟

یوراج سنگھ نے بھارت کے لیے خطرناک ثابت ہونے والے پاکستانی بولر کا نام بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شاہین سے زیادہ انڈین ٹیم کے لیے پریشان کن ثابت ہوسکتا ہے۔

یوراج سنگھ بھارت کے چند نہایت ٹیلنٹڈ کرکٹرز میں سے ایک رہے ہیں بلکہ سابق اوپنر گوتم گمبھیر کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ ان سے زیادہ باصلاحیت کرکٹرز آج تک بھارت میں پیدا ہی نہیں ہوا۔ اب سابق آل راؤنڈر نے اس پاکستانی بولر کا نام بتایا ہے جو بھارت کو ناکوں چنے چبوا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیفٹ آرم پیسر محمد عامر بھارتی ٹیم کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں، عامر اور روہت کے درمیان مقابلہ دیکھنے کا مزہ آئے گا۔

اسی طرح ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ویرات کوہلی اور شاہین شاہ آفریدی کے درمیان بھی بیٹ اور بال کی جنگ سے شائقین کو کافی لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔

یوراج سنگھ نے کہا کہ پاک بھارت مقابلے ایسے ہوتے ہوتے ہیں کہ آپ کو لازمی اپنے دماغ کو استعمال کرنا پڑے گا اورمیچ کی صورتحال کے حساب سے کھیلنا پڑے گا اور جو ٹیم اپنے جذبات پر قابو رکھے گی وہ میچ کی فاتح بن کر نکلے گی۔

خیال رہے کہ اب سے تھوڑی دیر بعد پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔