ڈریپ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈاکٹر ظفرمرزا

ڈاکٹر ظفر مرزا

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ڈریپ کو حکومتی و سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت حاصل ہوگی، ڈریپ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیرصدارت ڈریپ کی نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں سی ای او ڈریپ، وفاقی و صوبائی ڈرگ انسپکٹرز نے شرکت کی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیرصدارت اجلاس میں جعلی، ناقص ومہنگی ادویات بیچنے والوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں صارفین کی رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ صارفین اصل قیمت سے زائد وصولی پر ہیلپ لائن پر شکایت کرسکیں گے، ادویات صارفین 080003727 پرشکایات درج کرا سکتے ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کسی کو دوا کی منظور شدہ قیمت سے زائد وصول نہیں کرنے دیں گے انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کی پہلی نیشنل میڈیسن پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ ڈریپ کو حکومتی و سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت حاصل ہوگی، ڈریپ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔