زلمے خلیل زاد نے عمران خان سے خفیہ ملاقات کی، فضل الرحمٰن کا دعویٰ

سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمٰن نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان کے لیے امریکا کے سابق نمائندے زلمے خلیل زاد نے پاکستان کا خفیہ دورہ کر کے سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ زلمے خلیل زاد پاکستان میں علیحدگی پسند تنظیموں کا حامی ہے جو چین کے خلاف بات اور الجزائر پر پابندی کا مطالبہ کرتا ہے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ زلمے خلیل زاد ایک افغان ہے لیکن امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کا ایجنٹ ہے، اس نے ایک خفیہ وزٹ کر کے عمران خان سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ سابق برطانوی سفیر گریک مرے مقدس شخصیات کے خاکے بنانے کا حامی ہے وہ بھی عمران خان کی حمایت میں بیان دے رہا ہے، یہودیوں کے نمائندگان کی عمران خان کی حمایت لمحہ فکریہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے اندر سے یہودی نمائندے عمران خان کی حمایت میں سامنے آ رہے ہیں، بار ہا کہہ چکے کہ عمران خان ملک کے خلاف بیرونی طاقتوں کے ایجنڈے پر ہے، اسلام اور پاکستان مخالف قوتیں ملک میں عدم استحکام اور انتشار چاہتی ہیں۔

فضل الرحمٰن نے کہا کہ عمران خان پارٹی کارکنوں کو ڈھال بنا کر قانون کا سامنا کرنے سے فرار چاہتا ہے، اس نے قانون ہاتھ میں لے کر زمان پارک کو نوگو ایریا بنا دیا ہے، پولیس اہلکاروں پر پتھر اور پیٹرول بم پھینکے گئے۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ سی آئی اے کا نمائندہ زلمے خلیل زاد عمران خان کے حق میں ٹوئٹ کر رہا ہے جس سے ہمارا مؤقف درست ثابت ہوا کہ وہ ایک غیر ملکی ایجنٹ ہے۔