قومی اسمبلی اجلاس کے بعد آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات

اسلام آباد: سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ملاقات ہوئی، آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم این آر او لینا چاہتے ہیں نہ ہمیں این آر او کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ان کی آمد کے موقع پر شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔

ملاقات سے پہلے سابق صدر نے صحافیوں سے گفتگو بھی کی۔ وزیر اعظم عمران خان کے ٹویٹ پر ان کا کہنا تھا کہ جب پارلیمنٹ آئیں گے تو بات کریں گے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کچھ بھی دینے کی پوزیشن میں نہیں ہے، ہم این آر او لینا چاہتے ہیں نہ ہمیں این آر او کی ضرورت ہے۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ نے چیئرمین نیب سے ملاقات کے لیے خط کیوں لکھا، اس دن کا سوچیں جب آپ کو بلایا جائے گا تو کیا ہوگا، ہم نے ہی پارلیمنٹ کو عزت دینی ہے اور مضبوط کرنا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ نواز شریف کو آج ریلیف ملا ہے تو ہم اس پر خوش ہیں، مریم نواز کو جیل میں نہیں دیکھنا چاہتے، کسی بھی بہن بیٹی کو نہیں دیکھنا چاہتے۔‘

قومی اسمبلی کے اجلاس سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی خطاب کیا تھا۔

بعد ازاں شہباز شریف اور آصف علی زرداری کی تقریر کے بعد وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا اظہار خیال کے لیے کھڑے ہوئے۔ وفاقی وزیر کے تقریر شروع کرتے ہی اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔