زرداری کا دورہ پنجاب، پی ٹی آئی کی 6 با اثر شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل ہونگی

آصف زرداری

سابق صدر آصف زرداری آج پی پی وسطی پنجاب اور لاہور کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ پی ٹی آئی کی 6 با اثر شخصیات پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شیریک چیئرمین آصف علی زرداری جو گزشتہ روز پنجاب پہنچے ہیں وہ دو روز لاہور میں مزید قیام کریں گے۔ آج وہ پی پی وسطی پنجاب اور لاہور کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع نےبتایا ہے کہ بلاول ہاؤس لاہور میں وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والی پی ٹی آئی کی 6 با اثر شخصیات بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے رانا فاروق سعید، حسن مرتضیٰ اور شہزاد سعید چیمہ کو بلاول ہاؤس طلب کرلیا ہے جب کہ آج وہ پارٹی میں شمولیت کرنے والوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سے پیپلز پارٹی میں آنیوالوں کا بیک گراؤنڈ دیکھ کر ان کی پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا جا رہا ہے جب کہ آصف زرداری آج آئندہ عام انتخابات سے متعلق پنجاب قیادت سے بھی مشاورت کریں گے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سابق صدر کی مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقات کا امکان ہے جس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور مستقبل کے امکانات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والی کئی با اثر شخصیات نے آصف زرداری سے ملاقات کرکے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔