اسلام آباد: وزیرمملکت برائے ماحولیات زرتاج گل نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بوڑھوں، بچوں اور خواتین نشانہ بنایا جارہا ہے، کشمیری خود کو تنہا نہ سمجھیں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زرتاج گل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، بھارتی فوج پاکستان کی حمایت کی وجہ سے کشمیریوں کو گولیاں ماررہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج ہر پاکستانی کے خون میں کشمیر کاز کا جذبہ شامل ہے، ہر پاکستانی خواہ وہ کسی بھی شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھتا ہے وہ کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائے۔ زرتاج گل کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں بلکہ پوری پاکستانی قوم اُن کے ساتھ ہے۔
مزید پڑھیں: کشمیریوں پر مظالم کے تمام حربے آزمانے کے باوجود بھارت ناکام ہے، مشعال ملک
یاد رہے کہ آرٹیکل 370 اے کے خاتمے کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے آج 53ویں روز بھی نظام زندگی بالکل مفلوج رہا، مقبوضہ وادی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند ہیں۔
کٹھ پتلی انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ صحافیوں کے وادی میں داخلے پر بھی پابندی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔