کیف : یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ہم امریکا کے ساتھ تعمیری بات چیت کے لیے تیار ہیں، امید ہے بات چیت میں ضروری اقدامات اور فیصلوں پر اتفاق ہوگا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ہفتہ کے روز کہا ہے کہ یوکرین اگلے ہفتے سعودی عرب میں امریکی نمائندوں کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے طریقوں پر تعمیری مکالمے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں یوکرینی صدر نے کہا کہ یوکرین جنگ کے پہلے لمحے سے ہی امن کا منتظر ہے، مؤثر عمل ضروری ہے، امید ہے بات چیت میں ضروری اقدامات اور فیصلوں پر اتفاق ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی پیر کو ریاض میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔
زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یوکرین نے اس جنگ کے پہلے ہی لمحے سے امن کے حصول کی کوشش کی ہے۔ حقیقت پسندانہ تجاویز میز پر موجود ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ تیزی اور مؤثر طریقے سے آگے بڑھا جائے۔”
دوسری جانب ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے بھی کہا ہے کہ وہ یوکرین کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ایک فریم ورک معاہدے پر بات چیت کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں اگلے ہفتے سعودی عرب میں یوکرینی وفد کے ساتھ ملاقات طے ہے۔
یاد رہے کہ صدر زیلنسکی نے 28 فروری کو وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے خصوصی ملاقات کی تھی لیکن یہ ملاقات تلخی میں بدل گئی جب دونوں رہنماؤں نے عالمی میڈیا کے سامنے امن اقدامات پر اختلافات کا اظہار کیا۔