زلفی بخاری کی امریکی رکن کانگریس طاہر جاوید سے ملاقات

نیویارک: وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور امریکی رکن کانگریس طاہر جاوید کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری اور امریکی رکن کانگریس طاہر جاوید کی نیویارک میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے دورہ امریکا اور اقوام متحدہ کے سامنے احتجاج کی تیاری پر گفتگو ہوئی۔

طاہر جاوید نے زلفی بخاری کی فون پر متعدد کانگریس اراکین سے بھی بات کروائی، ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اس سے قبل زلفی بخاری نے نیویارک میں اوور سیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ میں شرکت کے دوران کہا تھا کہ امریکیوں اور اقوام عالم کے سامنے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے، انسانیت پر یقین رکھنے والے مودی کے خلاف آواز میں آواز ملائیں۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ دنیا کو دکھائیں کہ کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے جس پر متحد ہیں، کرتار پور کے بعد بدھ مت کے مقدس مقامات کو بھی کھولیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے، اوور سیز پاکستانیوں کے الیکشن کے حق کے لیے سمری بھجوائی ہے۔